Friday, April 19, 2024

پاکستان بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا

پاکستان بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا
May 21, 2021

اسلام آ باد (92 نیوز) پاکستانیوں نے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے پوری قوم نے آج جمعۃ المبارک کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا۔ شہر شہر نگر نگر ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں فلسطینی بھائیوں کے حق میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

یوم یکجہتی فلسطین پر کراچی سے خیبر اور گلگت تا گوادر تک پوری قوم یک زبان، مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف شہر شہر بڑی ریلیاں اور مظاہرے فضا مظلوموں کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔

لاہور کے مختلف مقامات پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ شہریوں نے مظلوم فلسطینیوں کو اکیلا نہ چھوڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔

راولپنڈی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پیغام دیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔۔۔ گجرات میں یوم یکجہتی فلسطین ریلی کی قیادت ق لیگ کے رہنما چودھری مونس الہی نے کی۔

فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، سانگلاہل، ساہیوال، قصور، ہارون آباد، پاکپتن، صفدر آباد، رینالہ خورد، چونیاں، جڑانوالہ اور لودھراں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگائے، اسرائیلی پرچم اور وزیراعظم کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔

شہر قائد میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم اور حیدرآباد میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں۔ سکھر، قمبر، جیبک آباد، شکارپور، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، کشمور میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں ہنگو، سوات، صوابی، مردان، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی شہریوں نے فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یوم اظہار یکجہتی فلسطین منایا گیا ۔۔ چمن اور گوادر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑی ریلیاں نکالی گئی، خضدار، ژوب، واشک، ہرنائی اور قلات میں نکالی جانے والی ریلیوں میں شرکا نے عالمی برادری سے فلسطینیوں پر مظالم کا نوٹس لینےکا مطالبہ کیا۔

مری، مظفرآباد، میرپور آزادکشمیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی شہریوں نے جمعہ المبارک کو یوم فلسطین کے طور پر منایا۔