Saturday, April 20, 2024

پاکستان بھر میں شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی ‏

پاکستان بھر میں شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی ‏
April 4, 2019

لاہور ( 92 نیوز) پاکستان بھر میں شب معراج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی  گئی، مساجد میں چراغاں، ذکر و اذکار اور نعت خوانی کی محافل  ہوئیں ، گھروں میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام ہوا، حضور ﷺ کے امتی رات بھر برکتیں سمیٹتے رہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں نے شب معراج نہایت عقیدت و احترام سے منائی،اسی رات کو اللہ رب العزت نے اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکوعرش معلیٰ پر بلایا ،،مساجد میں عبادات اور ذکر و اذکار  کی محفلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

ستائیس رجب المرجب کی مقدس رات کو رب عالم نے اپنے محبوبﷺ کوعرش معلیٰ پر بلایا اور اسی رات  مسلمانوں  کو پانچ فرض نمازوں کا تحفہ دیا  ۔

اسی مناسبت سے گھروں اورمساجد  میں خصوصی عبادات ، چراغاں، ذکر و اذکار اور نعت کی محافل کاانعقاد کیاگیا  جن میں علما کرام نےمعجزہ معراج شریف کے واقعات و فضائل بیان کیے ۔

شب معراج  کے موقع پر مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ،  اس شب کو  حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کو معراج کا شرف عطا کیا گیا، جب حضرت جبرائیل علیہ السلام  براق لے کر نبی آخرالزماں  ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسولﷺ ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے۔

اس سفر کے دوران آپﷺ مکہ سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی جس کے بعد آپ ﷺ کو آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرانے کے لئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی۔