Tuesday, April 23, 2024

پاکستان بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا  : چودھری نثار

پاکستان بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا  : چودھری نثار
September 20, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کہتے ہیں پاکستان بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا کشمیریوں کی حمایت ہرفورم پر جاری رکھیں گے۔ بھارتی قیادت کی الزام تراشیاں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ تفصیلات کےمطابق چوہدری نثار اور راجہ فاروق حیدر کے درمیان ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے اندر ریاستی ظلم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو ریاستی جبر سے دبایا نہیں جا سکتا پاکستان بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہوگا نہ ہی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے پیچھے ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں سے انحراف نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ جمہوری اقداروں کے علمبرداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔۔بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر بلا جوازالزامات کی روش اورمعنی خیز مذاکرات سے گریز خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔