Sunday, April 28, 2024

پاکستان، بھارت، چین، روس، دبئی، تائیوان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں سالِ نو کا استقبال، لاکھوں افراد کا روایتی انداز میں جشن

پاکستان، بھارت، چین، روس، دبئی، تائیوان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں سالِ نو کا استقبال، لاکھوں افراد کا روایتی انداز میں جشن
January 1, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بعد نئے سال کا جشن جاپان، کوریا، چین، تائیوان، پاکستان، بھارت، دبئی، یورپ سے ہوتا ہوا امریکہ جا پہنچا۔ ٹائم اسکوائر میں لاکھوں افراد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ دنیا بھر میں نئے سال کا جشن روایتی انداز میں منایا گیا۔ جاپان میں نئے سال کا استقبال گھنٹیاں بجا کر کیا گیا۔ بارہ سو سال پرانی عمارت کو خوبصورت روشنیوں سے مزین کیا گیا۔ اس موقع پر فضا میں قندیلیں بھی چھوڑی گئیں۔ تائیوان میں نئے سال کی آمد پر تائی پائی ون زیروون ٹاور پر آتشبازی کے شاندار مظاہرے نے دیکھنے والوں کے دل موہ لئے۔ برطانیہ اور جرمنی سمیت یورپی ممالک کے عوام نے دہشت گردی کے خطرات کے باوجود حکومتی پابندیاں بعض جگہ مسترد کر دیں اور جشن منایا لیکن پیرس اور برسلز میں روایتی جشن دیکھنے میں نہ آیا۔ ٹائم اسکوائر پر لاکھوں افراد نے 2016 کو روایتی انداز میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شاندار کنسرٹ منعقد کیا گیا جس میں مشہور امریکی گلوکاروں نے سماع باندھ دیا۔ اس سے قبل نئے سال کا آغاز سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے قریبی کرسمس آئی لینڈ اپیا اور سموا جزائر سے ہوا جس کے بعد نئے سال کا جشن پہنچا نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ اور ویلنگٹن میں جہاں لاکھوں افراد نے نئے سال کا بھرپور استقبال کیا۔ رات کے بارہ بجتے ہی آکلینڈ کا سکائی ٹاور رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ سال بھر انتظار کرنے والے آسٹریلوی باشندوں کا جوش و ولولہ دیدنی تھا جب سڈنی ہاربر برج رنگ ونور سے نہا گیا۔ شاندار آتشبازی کے نظارے کو لاکھوں افراد نے دیکھا۔