Saturday, May 11, 2024

پاکستان، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش کورونا وائرس کے اگلے مرکز ہو سکتے ہیں ، ورلڈبینک

پاکستان، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش کورونا وائرس کے اگلے مرکز ہو سکتے ہیں ، ورلڈبینک
April 12, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) کورونا وائرس نے امریکا اور یورپ کے بعد جنوبی ایشیا کی معیشت کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش کورونا وائرس کے اگلے مرکز ہو سکتے ہیں۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے جنوبی ایشیا کی معیشت پر خطرناک اثرات نظر آنا شروع ہو چکے ہیں۔ اب تک 1.8 ارب آبادی والے اس خطے میں وائرس کے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ موذی وبا سے اس خطے میں معاشی ناہمواری میں مزید اضافہ ہو گا۔ لاک ڈاون سے معمول کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مغرب میں ڈیمانڈ ختم ہو گئی۔ تمام آرڈرز کینسل ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد بے روزگار ہو گئے جبکہ سیاحت بھی تباہ ہو چکی ہے۔ معاشی ماہرین نے ورلڈ بینک کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے حکومت کو سنگین صورتحال کے پیش نظر مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث جنوبی ایشیا کی معیشت کو شدید خطرات ہو سکتے ہیں۔ حکومت پاکستان کو ملکی معیشت کو سہارا دینے کیلئے قبل از وقت اقدامات کرنا ہوں گے۔