Wednesday, May 15, 2024

تیسرا ون ڈے ، زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 279 رنز کا ہدف

تیسرا ون ڈے ، زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 279 رنز کا ہدف
November 3, 2020

راولپنڈی (92 نیوز) دورہ پاکستان پر آئی زمبابوے ٹیم راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف تیسرا اور  ون ڈے سیریز کا  آخری میچ کھیل رہی ہے  جس میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹوں کے نقصان پر  279 رنز کا ہدف دے دیا۔

زمبابوے کی ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی ، محمد حسنین نے  ٹاپ آرڈر ز بلے بازوں کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے اپنی دھاک بٹھا دی ۔محمد حسنین نے اپنے پہلے ہی اوور میں اوپنر اور کپتان چمو چیبھابھا  کو صفر پر ہی پویلین لوٹا دیا ۔ان کا کیچ افتخار احمد نے تھاما۔محمد حسنین نے اگلے ہی اوور میں کریگ ایروین کا شکار کھیلا ، ان کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے تھاما ۔ کریگ صرف  ایک رن ہی بنا پائے ۔

اوپنر برین چاری بھی  محمد حسنین کا نشانہ بنے اور 9 رنز بنا کر کلین بولڈہو گئے ۔

وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 جب کہ سین ویلیمز نے ناقابل شکست 118 رنز بنائے ۔ٹیلر محمد حسنین کی گیند پر خوشدل شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ویسلے مدھویر بھی 33 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ سکندر رضا 45 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔

محمد حسنین نے 10 اوورز میں 26 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ،انہوں نے تین اوورز میڈ ان بھی پھینکے ۔

شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 42،محمد موسیٰ نے 10 اوورز میں 80 ،وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 65،افتخار احمد نے 10 اوورز میں 60 رنز دیے ۔

زمبابوے کی ٹیم میں  برین چاری ،چمو چیبھابھا ،کریگ  ایروین ،برینڈن ٹیلر،سین ویلیمز ، ویسلے مدھویر،ڈونلڈ ٹریپانو ،بلیسنگ مزاربانی ،رچرڈ نگاروا ،سکندر رضا،ٹینڈائی چیسرو شامل ہیں ۔

پاکستانی  ٹیم میں امام الحق ، فخر زمان ، کپتان بابر اعظم ،حیدر علی ،افتخار احمد،خوشدل شاہ ،محمد حسنین ،وکٹ کیپر محمد رضوان ،محمد موسیٰ،شاہین شاہ آفریدی،وہاب ریاض  شامل ہیں ۔

خوشدل شاہ نے آج ون ڈے کا ڈیبیو کیا ہے جب کہ  علیم ڈار اور راشد ریاض  فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔

احسن رضا ٹی وی امپائر  کی نشست سنبھالے ہوئے ہیں جب کہ آصف یعقوب ریزرو امپائر کیلئے موجود ہیں اور محمد جاوید میچ ریفری ہیں ۔