Friday, April 19, 2024

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا
January 15, 2019
جوہانسبرگ ( ویب ڈیسک ) جنوبی افریقہ نے تین ٹیسٹ میچز کی  سیریز میں  پاکستان کو وائٹ واش کر دیا ۔ قومی ٹیم کسی میچ کی ایک بھی اننگز میں اچھی کار کردگی دکھانے میں ناکام رہی ۔ بلے باز ٹک کر  کھیل پائے نہ باؤلرز نے کوئی  دم خم دکھایا ۔ جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ کے چوتھے دن قومی بلے باز پھر جلد بازی میں نظر آئے ،اسد شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے ،دوسرا کوئی بلے باز قابل ذکر کارنامہ انجام نہ دے سکا۔ شان مسعود 37،امام الحق 35 ،بابراعظم 21، فہیم اشرف 15 جب کہ کپتان سرفراز صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ حسن علی نے 22 رنز کی مزاحمت کی ، انہوں نے پاکستان کی جانب  سے اکلوتا چھکا بھی  جڑا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے دوسری اننگز میں  303 رنز بنائے اور پہلی اننگز کے 77رنز کی برتری کی بدولت پاکستانی ٹیم کو جیت کیلئے 381 رنز کا ہدف دیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ 71  ، ڈی کوک  129 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 273 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ۔ شاہینوں نے پہلی اننگز کھیلی تو’’تو چل میں آیا‘‘ کی روایت برقرار رکھی ۔ اوپنر شان مسعود  ساتویں گیند پر ہی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما کر واپس لوٹ گئے ، اگلی ہی گیند پر اظہر علی بھی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما بیٹھے ۔محمد عباس بھی 11رنز بنا کر ہمت ہار گئے جبکہ اسد شفیق  اولیور کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر امام الحق 43، بابر اعظم 49 ،کپتان سرفراز 50 رنز بناکر نمایاں رہے  ۔ شاداب خان نے 5 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد عامر تھے جنہوں نے ٹیم کےاسکور میں 10رنز کا اضافہ کیا ۔پاکستان کی تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ6  کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈائیون اولیور  نے 5 ،فلینڈر نے 3 اور ربادا نے 2 شاہینوں کا شکار کیا۔ اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ نے 262 رنز بنائے تھے ، اوپنر ایڈن میکرم نے 90 ، ہاشم آملہ نے 41،ڈی برائن نے 49 اور زبیر حمزہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی  افریقہ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لئے جس کے بعد  انہیں 212 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے ۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایلگر  5رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ ساتھی اوپنر ایڈین میکرم بھی 21 رنز پر  سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ڈی برین اور زبیر حمزہ بھی زیادہ دیر تک ٹک نہ سکے ، برین 7 جبکہ زبیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ٹمبا بیوما نے 23 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔