Sunday, September 8, 2024

انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی‘ مصباح کی مزاحمت

انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی‘ مصباح کی مزاحمت
July 14, 2016
لندن (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر پرفارم کرنے میں ناکام ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم چھ سال بعد انگلینڈ کا دورہ کر رہی ہے۔ لارڈز کے تاریخی میدان پر آج پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ آج جب میچ کا آغاز ہوا تو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے پروفیسر محمد حفیظ اور شان مسعود نے اننگ کا آغاز کیا۔ میچ کے آغاز میں ہی پاکستان نے محتاط طرزعمل اپنایا اور پھونک پھونک کر رنز بناتے رہے۔ شان مسعود پاکستان کے آﺅٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے صرف 7رنز بنائے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ محمد حفیظ کی صورت میں گری جنہوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے چالیس رنز جوڑے۔ دونوں کھلاڑیوں کی وکٹیں انگلش باﺅلر ووکس نے حاصل کیں جبکہ کیچ بیئرسٹو نے پکڑے۔ کھانے کے وقفے تک اظہرعلی سات جبکہ یونس خان تین چوکوں کی مدد سے اٹھارہ رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ کھانے کے وقفے کے بعد اظہرعلی بھی سات رنز کے سکور پر چلتے بنے۔ اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا مگر یونس خان بھی تینتیس سکور بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ پاکستان کے کامیاب ترین کپتان کا اعزاز حاصل کرنے والے مصباح الحق نے ایک بار پھر اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ففٹی سکور کی۔ اس موقع پر پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان 160 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستانی سکواڈ محمد حفیظ‘ شان مسعود‘ اظہرعلی‘ یونس خان‘ مصباح الحق‘ اسد شفیق‘ سرفراز احمد‘ وہاب ریاض‘ محمدعامر‘ راحت علی اور یاسرشاہ پر مشتمل ہے۔