Friday, April 26, 2024

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ آخری ون ڈے آج کارڈف میں کھیلا جا رہا ہے

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ آخری ون ڈے آج کارڈف میں کھیلا جا رہا ہے
September 4, 2016
کارڈف (ویب ڈیسک) میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔ سیریز میں شکست کے بعد وائٹ واش کے داغ سے بچنا ہے تو گرین شرٹس کو یہ میچ ہر صورت جیتنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے چاروں میچ جیت کر انگلش ٹیم پہلے ہی سیریز چار صفر سے اپنے نام کر چکی۔ اب کارڈف میں ہونے والے پانچویں اور آخری ون ڈے کو جیت کر شاہین وائٹ واش سے بچنے کی کوشش کریں گے۔ برطانوی سرزمین پر موجود قومی ٹیم مشکلات کی دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔پہلے محمد حفیظ انجری کا شکار ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے۔ ان کی جگہ محمد عرفان کو میدان میں اتارا گیا۔ چوتھے ون ڈے میں دو وکٹیں اڑانے والے فاسٹ باولر محمد عرفان بھی زخمی ہو کر سکواڈ سے باہر ہو گئے۔ عرفان کے انجرڈ ہونے کے بعد ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے۔ محمد عرفان ون ڈے سیریز کے بعد واحد ٹی ٹوینٹی کے لیے بھی ٹیم کا حصہ تھے تاہم اب ان کی جگہ حسن علی کو ٹی ٹوینٹی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹوینٹی بدھ کو کھیلے گی۔