Thursday, September 19, 2024

پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، مختلف شعبوں میں تعاون پر برطانیہ کے شکرگزار ہیں: سرتاج عزیز

پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، مختلف شعبوں میں تعاون پر برطانیہ کے شکرگزار ہیں: سرتاج عزیز
March 8, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ برطانیہ سے تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ امید ہے افغانستان میں امن ہو جائے گا جبکہ برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعاون بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ توقع کرتے ہیں کہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کرے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کرنے پر برطانیہ کے شکرگزار ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے افغان قیادت سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔ مشیر خارجہ نے افغانستان میں مذاکرات کے بعد امن کی امید ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کےلئے سنجیدہ ہے۔ اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار پر حکومت  کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ توقع کرتا ہے کہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کرے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ دہشتگرد افغانستان سے حملہ کر کے واپس بھاگ جاتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کے دوران تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔