Friday, May 10, 2024

پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں ، شیخ رشید

پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں ، شیخ رشید
August 25, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان میں تبدیلی سے بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ۔ بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے اور افغانستان کی صورتحال پر بھارت کا پریشان ہونا لازمی امر ہے ۔

انھوں نے کہا  پاکستان افغانستان کے کسی مسئلے میں براہ راست ملوث نہیں ۔ ہم نے امریکا کا اتحادی ہونے کی بڑی قیمت چکائی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں امریکی انخلا کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔ طالبان کی جانب سے عام معافی کا اعلان خوش آئند ہے ۔ طالبان نے یقین دلایا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان پر افغان مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں ۔ طورخم اور چمن کے راستے کاروبار میں 15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 1500 لوگ طورخم سے ویزا کے ذریعے آئے جن میں افغانی شامل ہیں۔

گرین پاکستان پروگرام کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سرسبز شاداب پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ سی ڈی اے نے 22 کنال اراضی قبضہ گروپ سے خالی کرا لی ہے۔