Friday, May 17, 2024

پاکستان بحریہ میں پہلے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول جیٹ کی شمولیت

پاکستان بحریہ میں پہلے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول جیٹ کی شمولیت
September 2, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلے جدید لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ڈبل انجن طیارے کی شمولیت کی تقریب پی این ایس مہران، کراچی میں منعقد ہوئی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہران بیس آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

دوہرے انجن پر مشتمل نیا جیٹ طیارہ جدید برازیلین ایمبرئیر جیٹ ایئر کرافٹ کی ایک قسم ہے جو عالمی سطح پر فضائی آپریشنز میں استعمال ہوتے ہیں۔ پاک بحریہ اس نوع کے مزید دو جہاز فضائی بیڑے میں شامل کرے گی۔ یہ طیارے سمندر پر فضائی آپریشنز کرنے کے لیے جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب سے قبل چیف آف دی نیول اسٹاف نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے پرانی طرز کے جہازوں سے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول آپریشنز تک پاک بحریہ کے فضائی بیڑے کی قابل قدر ترقی کو سراہا۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ پاک بحریہ موجودہ چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور ردعمل دینے کے لیے اپنے عسکری اثاثوں میں جدت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ذمہ دار بحری قوم کی حیثیت سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کی حکومتی پالیسی کے تحت پاک بحریہ اپنا مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ امیر البحر نے خطے میں سازگار سمندری ماحول کو یقینی بناتے ہوئے اپنی بحری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے نئے جہاز کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ اس جدید طیارے کی شمولیت سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے طیارے کی دستاویزات متعلقہ اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کیں۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور سی پی اوز/سیلرز نے شرکت کی۔