Saturday, May 18, 2024

پاکستان بار کونسل کی اپیل پر آج وکلاءکا یوم سوگ، ملک بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ، مذمتی قراردادیں منظور، شہرشہر مظاہرے

پاکستان بار کونسل کی اپیل پر آج وکلاءکا یوم سوگ، ملک بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ، مذمتی قراردادیں منظور، شہرشہر مظاہرے
May 26, 2015
ڈسکہ/ لاہور/ اسلام آباد/ کراچی/ کوئٹہ (92نیوز) ڈسکہ میں دو وکلاءکے قتل کیخلاف ملک بھر میں وکلاءآج یوم سوگ منارہے ہیں۔ وکلاءنے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کی عمارتوں پر پرچم لہرا دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ کے خلاف وکلاءبرادری نے آج بھی ملک گیر عدالتی بائیکاٹ کر دیا۔ کئی شہروں میں وکلاءتنظیموں نے احتجاجی ریلیاں بھی نکالیں ہیں۔ واقعہ پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشنز سمیت دیگر اضلاع کی بارز نے جنرل باڈی اجلاس بھی بلا لئے ہیں۔ اسی طرح مختلف شہروں میں احتجاجی اجلاس بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان بار کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے تک احتجاج جاری رہے گا۔ ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلاءکی جانب سے ڈسکہ واقعہ کے خلاف عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا ہے۔ بلوچستان بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر ڈسکہ واقعہ پر وکلاءسے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجاً کوئٹہ میں ہائیکورٹ ، ضلعی کچہری سمیت صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔ اس دوران بار رومز پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے جبکہ وکلاءنے ہاتھوں میں سیاہ پٹیاں بھی باندھیں۔ بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال کاسی نے کہا ہے کہ وکلاءپر پولیس کی فائر نگ اور تشدد سے جاں بحق وکلاءکےلئے وہ بھی سراپا احتجاج ہیں اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کیا جائے۔ سانحہ ڈسکہ کے خلاف پاکستان اور پنجاب بار کونسل کی اپیل پر جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد کے ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بارز کے وکلاءنے بھی مکمل ہڑتال اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ بار رومز میں منعقدہ اجلاسوں میں ڈسکہ سانحے کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی بارز کونسلز ایسوسی ایشنز نے مذمتی قراردادیں پاس کیں جن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وکلاءقاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے اور وکلاءکو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ہڑتال کے باعث دونوں شہروں کی ضلعی کچہریوں میں سینکڑوں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع کی بارز میں بھی یوم سوگ منایا گیا اور تمام تر عدالتی کارروائی معطل ہو گئی۔