Thursday, May 9, 2024

پاکستان ایک بار پھر امریکا ، افغان طالبان کومذاکرات کی میز پر لے آیا

پاکستان ایک بار پھر امریکا ، افغان طالبان کومذاکرات کی میز پر لے آیا
October 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) خطے میں امن کیلئے پاکستان کی ایک اور کوشش کامیاب ہو گئی ، پاکستان ایک بار پھر امریکا اور افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آیا، ملابرادرکی سربراہی میں افغان طالبان کااعلیٰ سطح کاوفداسلام آبادپہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان وفد کی ملاقات طےہو گئی ہے ، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پہلے ہی اسلام آباد میں موجودہیں، افغان طالبان وفد زلمے خلیل زاد سے بھی ملاقات کرے گا۔ افغان طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے  کہا کہ طالبان کو اس دورے کیلئے  سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے ،  افغان امن کے سلسلے میں طالبان اس سے پہلے تین ممالک روس ،چین اور ایران کا دورہ کرچکے ہیں جس کے بعد اب وہ چوتھے ملک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی پہلے ہی اسلام آباد میں موجود ہیں اور طالبان وفد کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کا ابھی امکان ہے ۔ گزشتہ ماہ امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن معاہدے پر اتفاق ہوگیا تھا ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا جس کے نتیجے میں پورا امن عمل متاثر ہوگیا۔