Saturday, April 20, 2024

پاکستان ایک اُبھرتی ہوئی معیشت بن چکا ہے : نوازشریف

پاکستان ایک اُبھرتی ہوئی معیشت بن چکا ہے : نوازشریف
September 3, 2016
فیصل آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آج انڈسٹری گیس اور بجلی کی فراہمی کی بدولت چل رہی ہے۔ دو ہزار اٹھارہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم فیصل آباد میں ستارہ کیمیکلز میں چالیس میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا دو تین سال پہلے ملک میں بجلی کا فقدان تھا مگر آج انڈسٹری بغیر رکاوٹ چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مقصد بجلی کی قلت ختم کر نے کے علاوہ سستی کرنا بھی ہے۔ انہوں نے نام لئے بغیر پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلا جا رہا تھا۔ سابقہ حکومت کو جواب دینا ہو گا کہ پانچ سال میں کیا کیا؟ تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی۔ وزیراعظم نے کہا لاہور موٹر وے نے کراچی سے گوادر تک جانا تھا۔ موٹروے کو ہم نے جہاں چھوڑا تھا وہیں سے شروع کیا۔ موٹروے کی لاہور سے ملتان اور ملتان سے سکھر تعمیر شروع ہو چکی ہے۔ کراچی سے حیدرآباد موٹر وے اس سال کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔ بلوچستان کے چپے چپے میں موٹر وے بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک ابھرتی ہو ئی معیشت کا درجہ اختیار کر گیا ہے۔ 1999ءمیں ہم ایشیا میں سب سے آگے تھے۔ 2013ءمیں آئے تو ایشیا میں سب سے پیچھے تھے۔ آج پاکستان کی کرنسی مستحکم ہے۔ وزیراعظم نے کہا پالیسیوں اور سیاست میں عدم استحکام ہمیں لے بیٹھا۔ اب وقت آنیوالا ہے کہ کراچی اپنی کھوئی ہوئی روشنیوں کو بحال کرے گا۔ دہشت گردی کا سلسلہ بہت جلدی ختم ہو جائے گا۔ ملک میں چالیس بڑے ہسپتال بنائیں گے۔