Sunday, May 5, 2024

پاکستان ایڈیبل آئل درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے: چیئرمین ٹڈاپ

پاکستان ایڈیبل آئل درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے: چیئرمین ٹڈاپ
January 21, 2017

کراچی (92نیوز) چیئرمین ٹڈاپ ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ سال 2017ء پاکستانی معیشت کے لیے بہترین ہو گا۔ گزشتہ نومبر میں پاکستان کی برآمدات 6 فیصد بڑھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ٹڈاپ ایس ایم منیر کراچی کے مقامی ہوٹل میں جاری دوسری پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایڈیبل آئل کی بڑی مارکیٹ ہے۔ پورٹ قاسم پر اس سیکٹر کے حوالے سے بہترین لوجیسٹک سہولیات موجود ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے ساتھ تجارتی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان میں پام آئل کی کھپت بہت زیادہ ہے لہذا اس سیکٹر پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

پی ای او سی کے سی ای رشید جان محمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس کا مقصد لوکل انڈسٹری کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو بہتر طور پر مارکیٹ کر سکیں۔ پاکستان ایڈیبل آئل درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ ایڈیبل آئل انڈسٹری ریفائنری، گھی، کوکنگ آئل پلانٹ اور آئل ایکسٹریشن یونٹس پر مشتمل ہے۔

پام آئل ایسوسی ایشن کے ڈی جی احمد خوشلاری کا کہنا ہے کہ پاکستان پام آئل کے حوالے سے بڑی مارکیٹ ہے جس کا حجم وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس جاری ہے جس سے مختلف ممالک کے ماہرین ایڈیبل آئل پر اپنی ماہرانہ تجربے سے آگاہ کریں گے۔