Friday, May 17, 2024

پاکستان ایٹمی حملے میں پہل نہیں کریگا، وزیر اعظم

پاکستان ایٹمی حملے میں پہل نہیں کریگا، وزیر اعظم
September 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے  عرب نیوز چینل الجزیرہ کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایٹمی حملے میں پہل نہیں کرے گا، بھارت کو بارہا مذاکرات کی پیشکش کی مگر بی جے پی کی انتہا پسند حکومت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف الزام تراشیاں کیں ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر ان کے شکر گزار ہیں ، افغانستان میں امن کا قیام صف مذاکرات سے ہی ممکن ہے ۔ وزیر اعظم نے الجزیرہ کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے ،  80 لاکھ سے زائد کشمیری  چھ ہفتوں سے محصور ہیں ، بھارت اپنے غیر قانونی اقدام سے  توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان پر الزام تراشیاں کر رہا ہے ۔ ایٹمی حملے میں پہل سے متعلق  سوال کے جواب میں وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان کبھی جنگ میں پہل نہیں کرے گا ،  جوہری جنگوں کے نتائج خطرناک ہوتے ہیں ، ہم اس سے بچنے کے لئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں تک گئے ۔ بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے اقتدار میں آیا ہوں متعدد بار نئی دہلی کو مذاکرات کی پیشکش کر چکا ہوں ، لیکن بی جے پی کی انتہا پسند حکومت نے ہر بار اسے منفی انداز میں لیا  اور پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کیا ، آرٹیکل 370 کے خاتمےسے  تو بھارت سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ امریکی صدر کی جانب سے بار بار ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ میں صدر ٹرمپ کا شکرگزار ہوں ، وہ دنیا کے طاقتور ترین ملک کے صدر ہیں، امریکا کے پاس اقوام متحدہ کی سکیورٹی  کونسل کی طاقت ہے ، یہی وجہ ہے کہ بھارت اس تجویز کی مخالفت نہیں کرتا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا افغانستان میں ہر کوئی قیام امن کا خواہشمند ہے ، پاکستان اس معاملے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ، حملے اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے،، امید ہے صدر ٹرمپ بات چیت کا عمل بحال کردیں گے کیونکہ یہ امن کا واحد راستہ ہے۔