Thursday, April 25, 2024

پاکستان ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی کو سب سے زیادہ محفوظ بنانے والا ملک قرار

پاکستان ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی کو سب سے زیادہ محفوظ بنانے والا ملک قرار
July 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی کو سب سے زیادہ محفوظ بنانے والا ملک قرار دے دیا گیا ، این ٹی آئی نیوکلیئر سکیورٹی انڈیکس کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ۔

پاکستان کا ایک اور اعزاز، دنیا نے جوہری تنصیبات کے حوالے سے پاکستان کے ذمہ دارانہ رویے کو تسلیم کرہی لیا، امریکی ادارے نیوکلیئر تھریٹ انیشی ایٹو کی سالانہ رپورٹ منظرعام پر آگئی۔

رپورٹ کے مطابق سب سے محفوظ جوہری تنصیبات آسٹریلیا میں ہیں، تاہم جوہری تنصیبات کو محفوظ بنانے کیلئے سب سے زیادہ کوششیں پاکستان نے کیں، اس معاملے میں پاکستان نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

بات ہو محفوظ جوہری مواد کی تو اس کیٹگری میں پاکستان مزید سات پوائنٹس حاصل کرکے انیس ویں نمبر پر آچکا ہے جبکہ تنصیبات کی حفاظت کے حوالے سے پاکستان سینتالیس پوائنٹس حاصل کرکے انیس ویں درجے پر آگیا ہے۔

امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے نئے ضوابط لاگو کرکے اپنے جوہری اثاثوں کو محفوظ بنایا ہے ، اس مقصد کیلئے سائبر سیکورٹی کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

سابق امریکی سفیر اور تخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس کی مستقل مندوب لارا کینیڈی نے پاکستان سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے  ، کہتی ہیں پاکستان کی جوہری سلامتی سے متعلقہ رینکنگ میں بہتری ہونا خوش آئند ہے، جوہری مواد رکھنے والے ممالک میں پاکستانی سکیورٹی بہت بہتر ہوئی۔