Saturday, April 27, 2024

پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیگا، آرمی چیف

پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیگا، آرمی چیف
April 14, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز )پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد ہوا ،  فاٹا کے 31، بلوچستان کے 67 اور سعودی عرب سمیت اتحادی ممالک کے 6 کیڈٹس پاس آؤٹ  ہوئے ۔  آرمی چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 137ویں پی ایم اے لانگ کورس  ،8ویں مجاہد اور 56ویں انٹیگریٹڈ کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی ۔ اعزازی شمشیر 137 ویں لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر حسنین علی نے حاصل کی جبکہ  صدارتی طلائی تمغہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر عبدالوہاب ملک نے حاصل کی کیا۔ اوورسیز گولڈ میڈل سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے اکیڈمی انڈر آفیسر سعود نے حاصل کیا۔ پریڈ کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاسنگ آوٹ پریڈ سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا کی بہترین اور سخت جان فوج میں آج آپکی عملی زندگی شروع ہو رہی ہے ، فاٹا کے 31، بلوچستان کے 67 کیڈٹس کا پاس آؤٹ ہونا مثال ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا  کہ پاکستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کو مکمل طور پر رد کر دیا، ہمیں مذہبی، فرقہ وارانہ، لسانی اور علاقائی سطح پر تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اسے بھی مسترد کر دیا گیا۔ سپہ سالار نے کہا پاکستان کو روایتی اور غیر روایتی سطح پر کئی چیلنجز درپیش ہیں ، پاکستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کو مکمل طور پر رد کر دیا ، پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے اور ہم تمام ممالک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے، پاک افواج کسی بھی خطرے کا پوری قوت سے بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے زندگی کے یادگار ترین دن پر سب کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔