Friday, April 26, 2024

پاکستان اور کوریا کے درمیان آئی ٹی پارک کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور کوریا کے درمیان آئی ٹی پارک کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا
March 21, 2017
اسلام آباد (92 نیوز)پاکستان اور کوریا کے درمیان آئی ٹی پارک کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا۔ آئی ٹی پارک میں ایک سو سے زائد کمپنیاں قائم کرسکیں گی۔ پانچ ہزار ملازمین کام کریں گےجبکہ دس ارب روپے لاگت آئے گی۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کے لیے کورین ایگزیم بینک اور پاکستان کے درمیان معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ سیکریٹری اقتصادی امور طارق پاشا اور کورین ایگزیم بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ینگون شانگ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان بھی موجود تھیں۔ منصوبے پر کل لاگت 88 ملین ڈالرز لاگت آئے گی جس میں سے کوریا کا ایگزیم بینک 76 ملین ڈالر قرض فراہم کرے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت اسلام آباد میں جدید ترین آئی ٹی پارک قائم کیا جائے گا کوریا کے قرض سے ڈیجیٹل وژن کا خواب پورا ہوگا ۔ آئی ٹی پارک ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ آئی ٹی پارک میں 100 سے زائد کمپنیاں کام کریں گی ۔ قرض کی فراہمی پر کوریا کے شکر گزار ہیں 2010 میں کوریا کی ای ڈی ایف کے ساتھ معاہدہ کیا گیا تھا۔ کوریا نے پاکستان کی پہلی موٹر وے کی تعمیر میں بھی مدد کی تھی۔ وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ آئی ٹی پارک کی تعمیر پر دس ارب روپے لاگت آئے گی آئی ٹی پارک میں پانچ ہزار ملازمین کی جگہ ہوگی ۔ اس نوعیت کے پارک کراچی اور لاہور میں بھی تعمیر کیے جائیں گے۔