Tuesday, April 23, 2024

پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات، تعلقات کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات، تعلقات کے فروغ پر اتفاق
October 9, 2019
بیجنگ ( 92 نیوز )پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی ۔ دونوں ممالک کا باہمی تعلقات مزید مضبوط اور اور وسیع تر کرنے پر اتفاق ہوا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر چین کے صدر مسٹر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا ، وزیر اعظم پاکستان کاکہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے۔چینی صدر نے  پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سلامتی کیلئے غیرمتزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ https://youtu.be/WgFnJmshom8 پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی ، وزیرخارجہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیرریلوے، مشیر تجارت، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی نے معاونت کی ۔ چینی صدر شی جنگ پنگ نے چینی وفد کی قیادت کی ، ملاقات میں  دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال ،  بین الاقوامی مسائل پر بات چیت ہوئی اور  دونوں ممالک نے باہمی تعلقات مزید مضبوط اور اور وسیع تر کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا کہا مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے، دو ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل لاک ڈاؤن نے انسانیت سوز صورتحال پیدا کر رکھی ہے، خطے میں امن کے لیے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانا لازمی قرار دے دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین نے ہمیشہ قومی مفادات پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ، پاکستان چینی مفادات پراس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا ، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پاکستان اور خطے کی اقتصادی صورتحال میں تبدیلی اور خوشحالی لائے گا۔ چینی صدر نے کہا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں ، مستقبل میں پاک چین تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے ، پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سلامتی کےلیے غیرمتزلزل حمایت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے قومی اور علاقائی معاشی ترقی کے عمل میں مدد ملے گی۔ معاشی اصلاحات کے ذریعے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔