Saturday, April 20, 2024

پاکستان اور چین کے ادارے چینی باشندوں کے حوالے سے رابطے میں ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان اور چین کے ادارے چینی باشندوں کے حوالے سے رابطے میں ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ
May 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستانی خواتین سے چینی شہریوں کی مبینہ شادیوں سے متعلق وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک، چین ادارے اور حکام چینی باشندوں کے حوالے سے رابطے میں ہیں اور معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ پاکستانی خواتین سے چینی شہریوں کی مبینہ شادیاں اور انسانی اسمگلنگ کے معاملہ پر وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزارت عوامی سلامتی کی تحقیقات کا بیان دیکھا ہے ۔ تحقیقات میں جبری عصمت فروشی یا اعضاء کی فروخت ثابت نہیں ہوئی ۔ وزارت خارجہ اور چین میں پاکستانی مشن تمام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق پاکستانی شہریوں کی شکایت پر ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں اور پاک، چین ادارے اور حکام معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا چینی ماہرین نے حال ہی میں پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ چین نے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی جس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان میں چینی شہریوں کی غیر قانونی شادیوں کے معاملے پر چین کے سفارتخانے نے جامع اعلامیہ جاری کیا تھا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ بین الاقوامی شادی کے نام پر جرائم کیخلاف قانون کے مطابق کریک ڈاؤن کے حامی ہیں۔ ترجمان چینی سفارتخانے نے بیان میں کہا تھا پاکستان میں چینی باشندوں کی گرفتاریوں کی خبریں دیکھی ہیں۔ چین جائز شادیوں کا تحفظ کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے لیکن شادی کی آڑ میں جرائم کرنے والے باشندوں کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترجمان چینی سفارتخانے نے کہا تھا کہ پاکستان اپنے قانون کے مطابق ایسے جرائم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔ چینی پبلک سکیورٹی کی وزارت نے پاکستان سے قانونی تعاون کیلئے ٹاسک فورس بھی بھیجی ہے۔ چین پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روابط بڑھائے گا۔ ترجمان چینی سفارتخانے نے کہا کہ چینی پبلک سکیورٹی وزارت نے بھی اسکینڈل کی تحقیقات کی ہیں۔ چین میں پاکستانی خواتین سے زبردستی جسم فروشی نہیں کرائی جا رہی جب کہ شادی کر کے چین جانے والی پاکستانی خواتین کے جسمانی اعضاء نکالنے کی خبریں درست نہیں۔ امید ہے پاکستان اور چین کے عوام افواہوں پر یقین نہیں کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا تھا چند جرائم پیشہ افراد کو پاک چین دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔