Wednesday, April 24, 2024

چینی قونصلیٹ پرحملے میں بیرونی طاقتیں ملوث،سب جانتے ہیں کس کا ہاتھ ہے، ‏فواد چودھری

چینی قونصلیٹ پرحملے میں بیرونی طاقتیں ملوث،سب جانتے ہیں کس کا ہاتھ ہے، ‏فواد چودھری
November 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ بہت سے دشمنوں کو کھٹکتا ہے ، اچھی طرح جانتے ہیں چینی قونصلیٹ پر حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایوب خان دور میں پاکستان اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کا آغاز ہوا،چائنہ کے ساتھ دفاعی اور معاشی رشتہ بھی ہے جو دنیا کو کھٹکتا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ایسی مشکلات کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، دہشت گرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، ایسی حرکتیں کرانے والے بیوقوف ہیں،جن سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن کیلئے قربانیاں دیں ہیں اور ثابت کیا ہے کہ مستقل مزاج قوم ہیں، پاکستان صوفیاء اور امن کی دھرتی ہے ۔ چینی نائب سفیر نے کہا کہ دہشتگرد پاک چین دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، پاکستان میں موجود چین کے ورکرز، طلباء سمیت دیگر شہری مل کر فنڈ ریزنگ میں حصہ لے رہےہیں۔