Monday, May 6, 2024

پاکستان اور چین کا جامع اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

پاکستان اور چین کا جامع اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق
March 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور چین کا جامع اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہو گیا۔ صدر عارف علوی کا دو روزہ دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین جامع اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ چینی صدر کی دعوت پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کا 2 روزہ دورہ کیا۔ دورے کے دوران صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چینی صدر شی جنپنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کی۔ چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق پاک چین تعلقات کی وسعت اور عمدہ روایات کی روشنی میں مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار سامنے آیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کا بیجنگ کا پہلا دورہ آئرن برادر کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار تھا۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب چین کورونا پر قابو پانے کے لئے بڑے پیمانے پر قومی جدوجہد میں مصروف تھا۔ اعلامیہ میں کہا گیا صدر ڈاکٹر علوی نے کورونا پر قابو پانے کے لئے چین کی طرف سے کی جانے والی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے یقین کا اظہار کیا کہ صدر شی جن پنگ کی سربراہی میں چینی عوام کورونا کو شکست دینگے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مشکل وقت میں پاکستان کے شہریوں کی دیکھ بھال پر چین کی تعریف کی۔ چینی قیادت نے یقین دلایا تھا کہ وہ طلباء سمیت پاکستانی شہریوں کی حفاظت ، صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے بہترین ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چینی صدر نے ایک اہم وقت پر چین کے دورے پر صدر علوی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ کرونا کی وباء کے بعد سے چینی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت نے لوگوں کی زندگی اور صحت کو اولین ترجیح دی ۔ ملک بھر میں چین نے وائرس پر قابو پانے کے لئے بہت کم وقت میں انتہائی جامع ، سخت اور بھرپور اقدامات اپنائے۔ اعلامیے کے مطابق چین نے وائرس کی روک تھام اور اس کے کنٹرول میں بڑی پیشرفت کی ہے اور وہ کورونا کے خلاف عوامی جنگ جیتیں گے۔ کورونا انسانیت کے لئے مشترکہ چیلنج ہے اور تمام ممالک کو مل کر اس چیلنج پر قابو پانے کے لئے تعاون کرنا چاہئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے مابین قریبی تعلقات اور گہری دوستی نے خطے میں امن ، استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ۔ علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفتوں کے تناظر میں چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت متاثر نہیں ہوئی۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر حمایت کی توثیق کی۔ چین نے علاقائی خودمختاری ، آزادی اور سلامتی کے تحفظ میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک اتھارٹی کے قیام سے منصوبوں پر نگرانی کے ساتھ تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی اور معاشی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ سی پیک کی 10 ویں جے سی سی کا اجلاس جلد ہو گا۔ خطے پر سی پیک کے معاشی اور معاشرتی اثرات کافی اور سود مند ثابت ہوں گے۔