Thursday, March 28, 2024

پاکستان اور چین نے جے ایف تھنڈر 17 بی کی پیداوار کا آغاز کر دیا

پاکستان اور چین نے جے ایف تھنڈر 17 بی کی پیداوار کا آغاز کر دیا
April 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان اورچین نے دونشستوں والے جے ایف سترہ بی تھنڈر طیاروں کی مشترکہ پیداوار کا آغاز کر دیا۔ جے ایف تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ کے دستے میں آئندہ سال شامل ہو گا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پہلے پروٹو ٹائپ جے ایف تھنڈر سترہ بی کی تقریب کا چین کے شہرچنگ ڈومیں انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے ائیرمارشل محمد اقبال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں چینی اداروں کے صدور، نائب صدور اور سینئر نمائندے بھی شریک ہوئے۔ ترجمان کے مطابق دو نشستوں والے جے ایف سترہ طیارے کی پہلی پرواز رواں سال کے آخرمیں متوقع ہے جسے آئندہ سال اپریل میں پاک فضائیہ کے دستے میں شامل کرلیا جائے گا۔ ائیرمارشل محمد اقبال کاکہناہے کہ جے ایف سترہ بی تھنڈر طیاروں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ منصوبے سے طیارے کی مستقبل میں عالمی مانگ میں اضافہ بھی متوقع ہے۔ چینی قیادت نے جے ایف سترہ منصوبے کے لئے پاک فضائیہ کے کردار کو قابل ستائش قرار دیاہے۔