Friday, March 29, 2024

پاکستان اور چین آئرن برادر‘ سی پیک منصوبہ تاریخ رقم کریگا : وزیراعظم

پاکستان اور چین آئرن برادر‘ سی پیک منصوبہ تاریخ رقم کریگا : وزیراعظم
August 29, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے اقتصادی راہداری سے متعلق نمائش کا افتتاح کر دیا۔ کانفرنس میں خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کی دوستی کی عظیم مثال ہے۔ اس منصوبے سے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا۔ جب دنیا میں اقتصادی طور پر تنہا ہو رہے تھے تب چین نے ہی سہارا دیا۔ تفصیلات کے مطابق کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں۔ چین ہمیشہ سے ہی پاکستان کا ہر فورم پر حامی رہا ہے جبکہ پاکستان کو ہر ایشو پر چین کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ سی پیک تاریخ رقم کرے گا۔ اس منصوبے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا جبکہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ اقتصادی راہداری صرف پاکستان اور چین کو زمینی طور پر ملانے کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ ایک ایسا عظیم الشان منصوبہ ہے جس پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خطے میں ترقی کے لیے معاشی طور پر مضبوط ہو نا ہو گا۔ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر دوگنا ہو گئے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ کی اہمیت ایشیا پر واضح ہو چکی ہے۔ حکومتی اقدامات حوصلہ افزا ہیں‘ مستقبل روشن ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کانفرنس میں لگی نمائش کا بھی دورہ کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں۔ کانفرنس کا مقصد کاروبار ی مواقع کی تلاش اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔