Tuesday, May 21, 2024

پاکستان اور چین 1962ءمیں بھارت پر حملہ کرنے کیلئے تیار تھے : بروس ریڈل

پاکستان اور چین 1962ءمیں بھارت پر حملہ کرنے کیلئے تیار تھے : بروس ریڈل
October 15, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق اہلکار اور سکیورٹی ماہر بروس ریڈل نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے انیس سو باسٹھ میں بھارت پر حملہ نہ کرنے کے بدلے کشمیر مانگا تھا۔ اگر پاکستان‘ بھارت چین جنگ میں کود پڑتا تو بھارتی فوج دوطرفہ حملے سے پارہ پارہ ہو جاتی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی خفیہ دارے کے سابق اعلیٰ عہدیدار بروس ریڈل نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ انیس سو باسٹھ میں چین نے بھارت پر حملہ کیا تو پاکستان بھی مقبوضہ کشمیر پر حملے کے لئے تیار تھا۔ اگر پاکستان بھی بھارت پر حملہ کر دیتا تو بھارتی فوج دوطرفہ حملے سے پارہ پارہ ہو جاتی۔ امریکی صدر جے ایف کینیڈی اور برطانوی وزیراعظم میکملن نے صدر ایوب پر دباﺅ ڈالا کہ وہ بھارت پر حملہ نہ کریں۔ اس پر صدر ایوب نے شرط رکھی کہ اس کے بدلے میں امریکہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت کے خلاف سخت رویہ اپنانے کا وعدہ کرے جس کا صاف مطلب تھا کہ کشمیر پاکستان کو واپس لے کر دیا جائے۔ ریڈل کے مطابق ایوب خان نے کینیڈی سے کوئی وعدہ نہیں کیا اور ساتھ ہی اس بات پر ناراضی بھی ظاہر کی کہ امریکہ نے پاکستان کو بغیر بتائے ہی بھارت کو چین کے خلاف ہتھیار فراہم کیے۔ بعد میں یہی ہتھیار بھارت نے انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں پاکستان کے خلاف استعمال کئے۔ کتاب کی رونمائی کے دوران ایک سوال کے جواب میں ریڈل کا کہنا تھا کہ انیس سو باسٹھ کے بعد پاکستان میں یہ بات گھر کر گئی تھی کہ پاکستان جس طرح کی شراکت چاہتا ہے اس کے لیے چین امریکہ سے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوگا۔