Sunday, September 8, 2024

پاکستان اور پورے کشمیر میں آج یوم شہداءمنایا جا رہا ہے

پاکستان اور پورے کشمیر میں آج یوم شہداءمنایا جا رہا ہے
July 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آج پاکستان اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب پورے کشمیر میں یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج کی حالیہ درندگی سے اب تک شہداءکی تعداد چھتیس ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ بھارتی فوج نے ہسپتال کو بھی نہ بخشا اور نہ صرف زخمیوں بلکہ ان کے لواحقین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق آج پاکستان اور پورے کشمیر میں یوم شہداءمنایا جا رہا ہے۔ 13جولائی 1931ءکو سرینگر سنٹرل جیل کے سامنے ہزاروں کشمیری پر امن مظاہرہ کر رہے تھے کہ ڈوگرہ حکومت نے گولی چلا دی جس سے 22مسلمان شہید ہو گئے۔ ریاست کی صدیوں پرانی تاریخ میں یہ پہلا سیاسی سانحہ تھا جس نے ایک پرجوش سیاسی تحریک کو جنم دیا۔ ریاست جموں و کشمیر کے دونوں طرف پاکستان اور بیرون ممالک کشمیری 13جولائی کو یوم شہدائے کشمیر پورے جوش و جذبہ سے مناتے ہیں۔ ریاست کی صدیوں سالہ تاریخ میں اس دن کو تحریک آزادی کا سنگ میل بھی کہا جاتا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کو شروع ہوئے 85 برس گزر گئے۔ کشمیریوں کی چوتھی نسل کو آج مقبوضہ کشمیر میں بھاری فوج کی بربریت کا سامنا ہے مگر کشمیری عوام کویقین ہے کہ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔