Thursday, April 25, 2024

پاکستان اور مسلمانوں کیخلاف زہر اگلنے والے بھارتی اینکر کو برطانیہ میں جرمانہ

پاکستان اور مسلمانوں کیخلاف زہر اگلنے والے بھارتی اینکر کو برطانیہ میں جرمانہ
December 23, 2020

لندن (92 نیوز) پاکستان اور مسلمانوں کیخلاف زہر اگلنے والے بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو برطانیہ میں جرمانہ کر دیا گیا۔

برطانیہ میں چلنے والے بھارتی ٹی وی کو پاکستانیوں کے خلاف نفرت آمیز مواد چلانے پر جرمانہ کیا گیا۔ برطانوی اتھارٹی کے مطابق ارنب گوسوامی نے 2019 میں اپنے ایک پروگرام میں نفرت انگیز تقریر اور گندی زبان استعمال کر کے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی دل آزاری کی۔

بھارتی نیوز چینل ری پبلک ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام میں پاکستان اور پاکستانیوں کیخلاف ہرزہ سرائی کی گئی تھی جس پر برطانوی میڈیا ریگولیٹری باڈی ’’آف کام‘‘ نے ایکشن لیا اور چینل کو 20 ہزار پاؤنڈ جرمانہ کر دیا۔

میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی ریپبلک ٹی وی کے پروگرام’’ پوچھتا ہے بھارت ‘‘ میں آف کام کے اصول وضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔ اتھارٹی نے نفرت انگیز پروگرام دوبارہ نشر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

آف کام کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پروگرام میں تمام پاکستانیوں اور پاکستان کے کھلاڑیوں کو بھی دہشت گردی کا مرتکب قرار دیا گیا جو ناقابل قبول اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔