Friday, May 17, 2024

پاکستان اور سعودی عرب نے سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام پر دستخط کردیئے

پاکستان اور سعودی عرب نے سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام پر دستخط کردیئے
May 8, 2021

جدہ (92 نیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام پر دستخط کردیئے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔ کہا کہ کونسل کے قیام کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مربوط کرنا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بےمثال تعلقات کا نیا دور شروع ہوگیا، وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات ہوئی، آرمی چیف بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام پر دستخط کیے گئے۔ جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور تعلقات مزید مربوط ہوں گے۔

کونسل2019  کے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے سرمایہ کاری کے معاہدوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے گی۔

وفاقی کابینہ نے دو روز قبل ہی اس کونسل کے قیام کی منظوری دی تھی۔

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ وزیراعظم نے سعودی خود مختاری کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر بھی زور دیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ متعدد باہمی معاہدوں، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد بھی موجود تھے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا، دو طرفہ سیاسی، تجارتی، معاشی، دفاعی تعلقات مضبوط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

سعودی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر خصوصی زور دیا گیا، سعودی عرب اور پاکستان انرجی کے شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔ پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب میں ملازمتوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ منصوبے کو سراہا اور کہا سعودی عرب گرین منصوبے اور بلین ٹری سونامی میں ہم آہنگی ہوگی۔

وزیراعظم نے علاقائی امن کیلئے سعودی ولی عہد کے کردار کو سراہا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان تاریخی دورے پر سعودی عرب پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔