Tuesday, April 23, 2024

پاکستان اور سری لنکا تیسرے ون ڈے میں مدمقابل، پاکستان کی پہلے بیٹنگ، مقررہ پچاس اوورز میں تین سو سولہ رنز

پاکستان اور سری لنکا تیسرے ون ڈے میں مدمقابل، پاکستان کی پہلے بیٹنگ، مقررہ پچاس اوورز میں تین سو سولہ رنز
July 19, 2015
کولمبو (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان اور سری لنکا تیسرا ون ڈے کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے تین سو سترہ رنز کا ہدف دیا ہے۔ کولمبو کے آر پریما داسا سٹیڈیم میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر تین سو سولہ رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے کپتان اظہر علی اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں ترانوے رنز بنائے۔ احمد شہزاد چوالیس رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی ففٹی مکمل کرنے سے ایک سکور قبل رن آؤٹ ہو گئے۔ باؤلنگ ایکشن پر پابندی کے باعث صرف بیٹنگ کے لیے دستیاب محمد حفیظ نے چون رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور پاتھی رانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے رن آؤٹ ہونے والے پاکستانی بلے باز سرفراز احمد ستتر رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔ شعیب ملک بیالیس اور محمد رضوان پینتیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔