Thursday, April 25, 2024

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے بارش کی نذر،سیریز پاکستان کے نام ،پی سی بی کی جانب سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے بارش کی نذر،سیریز پاکستان کے نام ،پی سی بی کی جانب سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش
June 1, 2015
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور زمبابوے کا آخری ون ڈے میچ بارش کے باعث بغیر نتیجے  کے ختم ہو گیا۔ شاہینوں نے تین میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔ کپتان اظہر علی مین آف دی سیریز قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق پاک زمبابوے سیریز کے آخری  میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے محمد حفیظ کے شاندار اسی، ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم  کے کیرئیر کی پہلی نصف سنچری اور انور علی کے قیمتی اڑتیس رنز پر مشتمل دھواں دھار اننگز کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر دو سو چھیانوے رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ سکندر رضا نے تین، امپوفو نے دو اور کریمر نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ تین پاکستانی بلے باز رن آؤٹ ہوئےہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے باسٹھ رنز بنائے تھے کہ ایک فلڈ لائٹ ٹاور خراب ہونے کے باعث میچ روک دیا گیا۔ اس دوران تیز آندھی  بھی شروع ہو گئی اور ٹاور مرمت ہونے کے باوجود میچ نصف گھنٹے سے زائد رکا رہا۔دوبارہ شروع ہونے پر زمبابوے کو  چھیالیس اوورز میں دو سو اکیاسی رنز  کا ہدف ملا ۔ ابھی  مزید ایک اوور کا کھیل اور زمبابوے کے مجموعی سکور میں چھے رنز کا  اضافہ ہوا تھا کہ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی اور میچ ایک بار پھر روکنا پڑا۔ تقریبا ایک گھنٹہ انتظار کے بعد میچ بے نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ اس طرح پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ۔ پی سی بی کی جانب سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش کردی گئی ۔