Friday, March 29, 2024

دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کے اوپنر اور مڈل آرڈر پھر ناکام ،ٹیم مشکلات کا شکار

دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کے اوپنر اور مڈل آرڈر پھر ناکام ،ٹیم مشکلات کا شکار
January 3, 2019
کیپ ٹاؤن( 92 نیوز) دورہ جنوبی افریقہ کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے اوپنر اور مڈل آرڈر ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوگئے،  اوپنر فخر زمان  ایک اسکور جبکہ ساتھی اوپنر امام الحق 8اسکور بنا کر  پویلین لوٹ گئے ۔ لارڈز کے لارڈز  جنوبی افریقہ میں بری طرح پریشان ہو گئے ۔  دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نےٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ پاکستانی بلے باز نہ پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی  اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے ۔ میچ کی ابتدا سے ہی پاکستانی بلے باز دباؤ کا شکار نظر آئے ، اوپنر فخر زمان 21 منٹ تک کریز پر کھڑے ہوئے ،انہوں نے 15گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک اسکور بنایا ، وہ ڈیل اسٹین کی گیند پر کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے ۔ ساتھی اوپنر امام الحق بھی ذمہ داریاں ادا نہ کر سکے ، انہوں نے 35 منٹ کریز پر رہ کر 21 گیندیں کھیلیں اور صرف دو مرتبہ ہی بلے کو زحمت دی ، دونوں گیندیں باؤنڈری سے پار گئیں اور ان کے کھاتے میں 8 اسکور جمع ہوئے ۔  8 اسکور بنا کر اوپنر فلینڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ اوپنرز کے بعد  ٹاپ آرڈر بھی ٹک نہ سکے  ، اظہر علی نے 19 گیندیں کھیل کو 2 رنز بنائے ، انہوں نے اولیور کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ تھمایا جبکہ اسد شفیق نے  26 گیندوں پر 20 اسکور بنائے ، وہ ربادا کی گیند پر ایلگر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ بابر اعظم نے بھی 5 گیندیں کھیل کر ہمت ہار دی ، وہ صرف دو رنز بنا سکے اور ربادا کی گیند پر فاف ڈوپلیسز کو کیچ تھمایا ۔ پاکستانی ٹیم کے 5 کھلاڑی صرف 54 رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔ جن میں سے 4 دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ پائے ۔ پاکستانی ٹیم اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بلے بازوں کے ذمہ دارانہ کھیل کے باعث شکست سے دو چار ہوئی تھی ۔  جنوبی افریقہ کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل ہے ۔ پاکستان کو سیریز میں فتح حاصل کرنے کیلئے دونوں میچز جیتنے ہوں گے جب کہ ہزیمت سے بچنے کیلئے  کم از کم ایک میچ جیت کر دوسرا برابر کرنا ہوگا۔