Friday, March 29, 2024

پاکستان اور جمہوریہ کیریباتی کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم

پاکستان اور جمہوریہ کیریباتی کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم
June 4, 2021

نیو یارک (92 نیوز) پاکستان اور جمہوریہ کیریباتی کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہو گئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم  اور کیریباتی کے سفیر ٹیبورو ٹائٹو نے نیویارک میں اس سلسلے میں ایک مشترکہ کمیونیک پر دستخط کر دیئے ہیں۔

 اس موقع پر دونوں سفارتی مشنز کے سربراہان نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سفارتی تعلقات دونوں ممالک اور عوام کو قریب لانے میں مدد فراہم کریں گے   جبکہ کثیرالجہتی فورمز  پر قریبی  تعاون کی راہ بھی ہموار ہو گی۔

 دونوں سفرا نے سیاسی ، تجارتی اور معاشی تعلقات ، بین الپارلیمنٹری رابطوں  اور ثقافتی و تعلیمی تعلقات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مستقبل میں  سیاحت اور ماہی گیری کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے اور  باہمی تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے اقدامات پر بھی اظہار خیال کیا۔

اقوام متحدہ میں  پاکستان اور جمہوریہ کیریباتی کے  مستقل نمائندگان  نے مشترکہ طور پر   یو این سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان - کریباتی سفارتی تعلقات کے قیام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

جمہوریہ کیریباتی 33 جزیروں  پر مشتمل ایک ملک ہے جس کی آبادی تقریباً  100،000 افراد پر مشتمل ہے۔ کیریباتی نے 1979 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔

پاکستان اور کیریباتی دولت مشترکہ کے ساتھ ساتھ ایشیاء پیسیفک گروپ کے بھی ممبر ہیں۔