Thursday, March 28, 2024

پاکستان اور تاجکستان کا دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور تاجکستان کا دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
September 17, 2021 ویب ڈیسک

دوشنبہ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے دورہ تاجکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی تعاون سمیت توانائی، ٹرانسپورٹ اور گوادر منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 30 سالہ سالگرہ 2022 میں بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے پاکستان تاجکستان کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھنے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان اور تاجکستان نے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، توانائی منصوبوں، ہائیڈرو پراجیکٹس اور ٹرانسمیشن لائنز مشترکہ سرمایہ کاری سے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے تحت دونوں ممالک نے کاسا 1000 پاور ٹرانسمیشن منصوبہ کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے کراچی تا تاجکستان ہائی وے اور ریلوے لائن کی اہمیت پر زور دیا۔ کراچی اور گوادر سی پورٹس تک تاجکستان کی رسائی کے منصوبوں پر مشاورت ہوئی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان کے صدر کی دعوت پر 16 سے 17 ستمبر 2021ء تک تاجکستان کا سرکاری دورہ کیا۔