Tuesday, April 30, 2024

پاکستان اور بھارت کے پاس قیام امن کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں: سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری

پاکستان اور بھارت کے پاس قیام امن کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں: سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری
October 16, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے پاس قیام امن کو آگے بڑھانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ امن کو خطرہ ہوا تو دونوں ممالک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری نے کہا کہ انہوں نے اپنی کتاب میں پاکستان اور ہندوستان دونوں کا مؤقف پیش کیا ہے۔ بھارت ہو، پاکستان ہو یا کشمیر، ان کی کتاب پر کہیں بھی کوئی اعتراض نہیں اٹھا سکتا۔ کتاب میں امن عمل، کشمیر کا خاکہ اور پاک فوج کے کردار کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ خورشید قصوری نے کہا کہ پاک فوج امن میں رکاوٹ نہیں ہے، برابری کی سطح پر منصفانہ حل ہونا چاہیے۔ آٹھ سو پچاس صفحات میں سے پونے چار سو صفحات بھارت پر لکھے گئے ہیں۔ سابق وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ممبئی میں ان کے ساتھ سٹیج پر تمام بڑے دانشور اور ایکٹرز موجود تھے جنہوں نے واقعہ کے بعد اپنے ایوارڈز واپس کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی اگر تاریخ میں کامیاب وزیراعظم کے طور پر نام لکھوانا چاہتے ہیں تو انہیں مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا۔ خورشید قصوی نے ملائشیا، انڈونیشیا اور فرانس وجرمنی کی مثال دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت کو تلقین کی ہے کہ وہ ان ممالک کی طرح اپنی دیرینہ دشمنی کو ختم کر کے امن اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دے۔