Thursday, April 25, 2024

بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دیدی

بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دیدی
June 17, 2019
اولڈ ٹریفورڈ ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے  میگا میچ میں بھارت نے پاکستان کو 90 اسکور سے شکست دیدی ، بھارتی ٹیم نے پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 336 رنز بنائے ،  بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 40 اوورز میں 302 رنز بنانا تھا ۔ قومی ٹیم  مقررہ اوورز میں 212 رنز بنا پائی ۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر  بھارت کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا  ، بھارتی بیٹنگ کے دوران ہی پہلی مرتبہ بارش ہوئی ، مگر  اننگز بریک میں سے ٹائم کی کٹوتی کرتے ہوئے میچ 50،50 اوورز  کا کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے ۔

امام الحق

پاکستانی ٹیم کو 50 اوورز میں 337 رنز کرنا تھے ، بھارتی باؤلرز کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ابتدا سے ہی  دباؤ  کا سامنا کرنا پڑا ،  پاکستان کی پہلی وکٹ 13 کے اسکور پر ہی گر گئی جب امام الحق  پانچویں اوور کی پانچویں گیند پر  7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔

بابر اعظم

فخر زمان نے بابراعظم کیساتھ مل کر 104 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کو پریشر سے نکالا ۔ 117 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کلدیپ یادو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ انہوں نے 57 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے ۔

فخر زمان

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے 8 گیندوں کے بعد فخر زمان غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ تھما بیٹھے ،وہ بھی کلدیپ یادو کا شکار ہوئے ، ان کا کیچ چاہل نے پکڑا۔انہوں نے 75 گیندوں پر 62 اسکور کئے ۔

محمد حفیظ

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے 9 گیندوں بعد محمد حفیظ بھی چلتے بنے ،انہوں نے پانڈے کی گیند پر شنکر کو کیچ تھمایا ، وہ 7 گیندوں پر صرف 9 اسکور بنا پائے ۔

شعیب ملک

حفیظ کے آؤٹ ہونے کے  اگلی ہی گیند پر  شعیب ملک بھی پانڈے کی گیند پر کلین بولڈ ہو کر چلتے بنے ۔ سرفراز احمد  30 گیندیں کھیل کر 12 اسکور بنا پائے ،وہ شنکر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ، اوور کے اختتام پر بارش ہو گئی جس کے باعث میچ دوسری بار روک دیا گیا۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 تھا جب کہ جیت کیلئے 11.4 کی اوسط سے 15 اوورز میں 171 اسکور درکار تھے ۔

بارش کی انٹری

بارش کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پاکستان کو  40 اوورز میں  302 اسکور کرنا تھے  ، یعنی پاکستان کو صرف 5 اوورز میں 136 رنز درکار تھے ۔ پاکستانی ٹیم  40 اوورز میں 302 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 212 رنز ہی بنا پائی ۔ اس طرح بھارت نے 89 رنز سے میچ جیت لیا۔عماد وسیم 26 گیندوں پر 27 اور شاداب خان 7 گیندوں پر 7 اسکور بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

بھارت کی بیٹنگ

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ کوہلی الیون نے  مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے ۔ بھارت نے ابتدا سے ہی محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کیا  اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 136 رنز بنائے۔

کے ایل راہول

کے ایل راہول 78 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

روہت شرما

اوپنر روہت شرما نے کپتان ویرات کوہلی کیساتھ 98 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ، روہت شرما نے جارحانہ اندا ز اپنائے رکھا اور 114 گیندوں پر 3 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے ۔ وہ  حسن علی کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

ہردیک پانڈے

مڈل آرڈر ہردیک پانڈے نے کپتان ویرات کوہلی کیساتھ  ٹیم کے مجموعی اسکور میں 51 رنز کا اضافہ کیا،ہردیک پانڈےایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 26 اسکور بنا کر محمد اعظم کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں میدان بدر ہوئے ۔

مہندرا سنگھ دھونی 

وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی  دو گیندوں پر ایک اسکور بنا کر عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے ۔

وجے شنکر

وجے شنکر وہاب ریاض کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں آؤٹ دیے گئے ، ری ویو لینے پر تھرڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا ۔ تھرڈ امپائر کا فیصلہ آتے ہی بارش نے بھی میدان میں انٹری دیدی جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا جسے کچھ دیر کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا  ۔

ویرات کوہلی

کپتان ویرات کوہلی محمد عامر  کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ بعد ازاں  علم ہوا کہ گیند نے بلے کو چھوا ہی نہیں تھا ۔

پاکستانی باؤلرز

دوسری جانب پاکستانی باؤلرز آج جادو جگانے میں بری طرح ناکام رہے ۔  محمد عامر کے علاوہ کوئی باؤلر بھارتی بلے بازوں پر اپنا رعب نہ جھاڑ سکا ۔محمد عامر نے 10 اوورز میں میں 47 رنز دیکر  3 کھلاڑی میدان بدر کئے ۔ حسن علی نے 9 اوورز میں 9.33 کی اوسط سے 84 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔ شاداب خان نے 9 اوورز میں 61 ،عماد وسیم نے 10 اوورز میں 49 ،شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ایک ایک اوور میں 11،11 اسکور دیے ۔وہاب ریاض نے 10  اوورز پھینک کر 71 رنز  کے عوض ایک وکٹ حاصل کی ۔