Thursday, April 25, 2024

پاکستان اور بھارت کے مابین کرتارپور راہداری منصوبے پر مذاکرات آج ہوں گے

پاکستان اور بھارت کے مابین کرتارپور راہداری منصوبے پر مذاکرات آج ہوں گے
March 13, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور بھارت کے مابین کرتارپور راہداری منصوبے پر مذاکرات آج ہوں گے۔ پاکستانی وفد اج اٹاری ،امرتسر پہنچ رہا ہے۔ کرتارپور راہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات آج صبح اٹاری کمپلکس ، امرتسر میں ہوں گے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے جانا دہلی تھا ، تاہم بھارتی حکومت کی درخواست پر اٹاری میں اجلاس ہو رہا ہے۔ کرتارپور راہداری پر پاکستانی وفد کا جانا بھارت سے مثبت ہمسائیگی کی طرف قدم کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان کے کرتارپور وژن کا عکاس ہے۔ دوسری طرف مذاکرات سے قبل ہی بھارت نے ہٹ دھرمی، نفرت انگیز پالیسی اور غیر سنجیدگی کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستانی صحافیوں کو مذاکرات کی کوریج سے روک دیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق بھارت نے مذاکرات کی کوریج کیلئے پاکستانی صحافیوں کو ویزا اجراء سے انکار کر دیا۔ ترجمان نے بھارت کو یاد دلایا کہ کرتار پورراہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں پاکستان نے 30 بھارتی صحافیوں کو نہ صرف ویزے دیے بلکہ وزیراعظم سے ملاقات کرائی گئی اور وزیر خارجہ نے عشائیہ دیا۔ بھارت کا پاکستانی صحافیوں کیساتھ ناروا سلوک افسوسناک ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں واہگہ کے راستے بھارت پہنچے گا۔ وزارت خارجہ کیساتھ داخلہ، قانون و انصاف ، مذہبی امور کی وزارتوں، متروکہ وقف املاک، ایف ڈبلیو او اور ایف آئی اے حکام بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔