Friday, April 26, 2024

پاکستان اور بھارت کے درمیان باسمتی چاول کی جنگ یورپی یونین پہنچ گئی

پاکستان اور بھارت کے درمیان باسمتی چاول کی جنگ یورپی یونین پہنچ گئی
June 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان باسمتی چاول کی جنگ یورپی یونین میں پہنچ گئی۔ بھارت نے باسمتی کی اجارہ داری کے لیے خصوصی ٹریڈ مارک کی درخواست کردی، پاکستان نے بھی جوابی درخواست دیدی۔

بھارت نے باسمتی چاول کی قسم پر اجارہ داری حاصل کرنے کی درخواست یورپی یونین میں دی۔ یہ درخواست پاکستان کے باسمتی چاول کی ایکسپورٹ کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتی ہے۔ جس پر پاکستان نے بھارتی دعوے کی مخالفت کرتے ہوئے 'پروٹیکٹڈ جیوگرافیکل انڈیکیشن‘ یعنی جی پی آئی کی جوابی درخواست جمع کرا دی۔ یوں دونوں ممالک کے درمیان ایک نئے تنازعے نے جنم لے لیا۔

پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی باسمتی زیادہ آرگینک اور بہتر ذائقے کا حامل ہے۔ ماہرین کہتے ہیں اگر پاکستان بھارت کو قائل کرنے میں کامیاب رہا۔ تو پھر ایک نئی درخواست 'مشترکہ ورثے‘  کے طور پر جمع کرائی جانے کا امکان ہے۔

اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق، بھارت دنیا میں سب سے زیادہ چاول برآمد کرنے والا ملک ہے اور وہ سالانہ 6.8 ارب ڈالرز آمدنی چاول سے حاصل کرتا ہے۔ جب کہ پاکستان کا دنیا میں چوتھا نمبر ہے اور اس کی چاول سے سالانہ آمدنی 2.2 ارب ڈالرز ہے۔