Sunday, September 8, 2024

پاکستان اور بھارت کو مذاکرات سے اختلافات دور کرنے چاہئیں، جنگ کی صورت میں زیادہ نقصان بھارت کا ہو گا: نیویارک ٹائمز

پاکستان اور بھارت کو مذاکرات سے اختلافات دور کرنے چاہئیں، جنگ کی صورت میں زیادہ نقصان بھارت کا ہو گا: نیویارک ٹائمز
August 20, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کو مشیروں کی سطح پر مذاکرات کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ خدشہ ہے کہ کشیدگی ایٹمی صلاحیت کے حامل ممالک میں نئی جنگ کا سبب نہ بن جائے۔ امریکی اخبار نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اداریہ شائع کر دیا۔ امریکی اخبارنیویارک ٹائمز میں چھپنے والے اداریے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کا مسئلہ خطرناک فلیش پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور کشمیر کے معاملے پر احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ اداریے کے مطابق پاکستان اور بھارت کو مشیروں کی سطح پر ہونے والے مذاکرات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے اور مسائل کا حل بات چیت سے نکالنا چاہئے۔ اداریے میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کہیں پاک بھارت کشیدگی بے قابو ہو کر ایٹمی صلاحیت رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان نئی جنگ کا سبب نہ بن جائے۔ اداریے میں اس بات کو بھی واضح بیان کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو طاقتور ہونے کے باوجود بھارت کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔