Thursday, April 25, 2024

پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت مل گئی

پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت مل گئی
July 10, 2015
اوفا(92نیوز)پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت مل گئی، آذربائیجان، آرمینیا، کمبوڈیا اور نیپال کو  بھی شنگھائی تعاون تنظیم میں ڈائیلاگ پارٹنر کا درجہ حاصل ہو گیا،وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لئے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق روس کے شہر اوفا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پندرھویں اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت دے دی گئی۔ آذر بائیجان، آرمینیا، کمبوڈیا اور نیپال کو بھی  شنگھائی تعاون تنظیم میں ڈائیلاگ پارٹنر کا درجہ مل گیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت کی خبر  ایک بار پھر سب سے پہلے  اپنے ناظرین تک پہنچائی ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے پندرھویں سربراہ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں چینی صدر شی چنگ پنگ کی دلچسپی کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لئے چین کے تعاون  کا شکر گزار ہیں اور شنگھائی تعاون تنظیم میں مثبت اور موثر کردار کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم میں اپنی سرزمین کو اقتصادی ترقی کے لئے زمینی اور سمندری راستوں کو استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دی۔ واضح رہے کہ انیس سو چھیانوے میں دفاعی تعاون کےلئے  چین، روس ازبکستان ،قازکستان اور کرغیزستان نے شنگھائی فائیو کے نام سے ایک گروپ ترتیب دیا دوہزار ایک میں اس گروپ میں ازبکستان کے شامل ہونے سے اس تنظیم کا نام بدل کر شنگھائی تعاون تنظیم رکھ دیا گیا۔ پاکستان کو دو ہزار چھ میں تنظیم میں مبصر کا درجہ حاصل ہوا اس وقت ایران، منگولیا اور افغانستان بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے مبصر ہیں۔