Monday, May 13, 2024

پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کی بجائے غربت کا مقابلہ کرنا چاہئے ، شاہ محمود

پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کی بجائے غربت کا مقابلہ کرنا چاہئے ، شاہ محمود
August 5, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان  اور بھارت  کو ایک دوسرے کے بجائے غربت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔امریکی اخبار میں لکھے آرٹیکل میں وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے لئے مذاکرات پر بھی زور دیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معروف  امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز میں آرٹیکل لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا  جو کہ دنیا کے غریب ترین خطوں میں سے ایک ہے کے عواماپنے بچوں کیلئے امن، خوشحالی اور بہتر مستقبل کی خواہش رکھتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے بجائے غربت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنے کی بھارت 70 سال سے  کوشش کررہاہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا ایک منصفانہ اور پرامن حل نکالیں۔

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ فروری 2019 سے مودی سرکار نے خطہ کو جنگ کی طرف دھکیلنا شروع کیا ہوا ہے- دو ایٹمی طاقتوں کے مابین تعلقات کی تاریخ میں کبھی بھی ایک ملک نے اتنی لاپرواہی اور بے رحمی سے اربوں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈالیں۔ہم سمجھ رہے تھے کہ بھارت نے اتنی بےعزتی کروا کے کچھ سبق حاصل کیا ہوگا لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم خان کی پیش کش پر سنجیدگی سے غور کرنے سے انکار کردیا تھا۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ  5 اگست کے بعد سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں کی گئیں۔ بچوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز جوان کشمیری مظاہرین کو شہیدکررہی ہے۔ پیلٹ گنوں کے اندھا دھند استعمال سے نابینا افراد اور خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آج 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قید میں رکھا گیا ہے جو کہ دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل ہے۔

اپنے آرٹیکل میں وزیر خارجہ مزید لکھتے ہیں کہ کشمیری عوام گذشتہ سات دہائیوں سے ہندوستان کے ہاتھوں ناقابل بیان مظالم، درد اور رسوائی کا شکار ہیں۔