Tuesday, April 16, 2024

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ آج سے راولپنڈی میں شروع ہو گا

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ آج سے راولپنڈی میں شروع ہو گا
February 7, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ آج سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ اظہر علی کو فاسٹ باؤلرز پر بھروسہ تو بنگلہ دیشی قائد مومن الحق کو اپنی نوجوان ٹیم پر اعتماد ہے۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں جمعہ کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں شاہین اوربنگال ٹائیگرز مدمقابل آنے کو پوری طرح تیار ہیں۔ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں نے میچ کیلئے خصوصی فوٹو سیشن میں بھی حصہ لیا ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے الگ الگ پریکٹس سیشن کے دوران بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ کی خوب مشقیں کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا نوجوان فاسٹ باؤلرز ہمیں ٹیسٹ میچ جتوا کر دیں گے ۔ غیر ملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ بنگلہ دیش کے کپتان مومن الحق کا کہنا تھا ہمارے نوجوان کھلاڑی جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں اور آفیشلز کے اعزاز میں ایوان صدر میں عصرانہ دیا ۔ صدر مملکت نے خطاب میں کہا ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، امید ہے دونوں ٹیمیں اچھا کھیل پیش کریں گی۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کیخلاف فہیم اشرف اور بلال آصف کو کھلایا جائے گا جبکہ آل راؤنڈر فواد عالم پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک ہونیوالے دس میں سے نو ٹیسٹ پاکستان کے نام رہے جبکہ ایک میچ ڈرا ہو گیا تھا ۔