Tuesday, April 23, 2024

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا
January 14, 2020

لاہور (92 نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پا گیا۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی، 1 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری آ گئی۔ بنگلہ دیش ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے پر راضی ہو گیا۔ یہ فیصلہ دبئی میں پاکستانی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات میں طے پایا جس میں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے معاونت کی۔

پی سی بی  کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق  بنگلہ دیش ٹیم لاہور میں تین ٹی 20، ایک ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔ پہلا ٹی 20 میچ 24 جنوری ، دوسرا ٹی 20 میچ 25 جنوری اور تیسرا ٹی 20 میچ 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل  فائیو  کے اختتام پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین  اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ  کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری کے درمیان راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

 سی ای او پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے بنگلہ دیش  کا تین بار پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ اور پرامن ملک ہے۔