Friday, May 10, 2024

پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ سے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ

پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ سے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ
September 9, 2019
بینکاک ( 92 نیوز) پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ کے درمیان مذاکرات کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا ،  وفاقی وزیر منصوبہ بندی حماد اظہر پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، پاکستان ایف اے ٹی ایف کے 125 سوالات کا جواب دے گا، نئی نیشنل رسک اسیسمنٹ سمیت مختلف اقدامات پر مشتمل رپورٹس اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس  کے ایشیا پیسیفک گروپ کی بڑی بیٹھک تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں شروع ہو گئی ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی حماد اظہر پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ پاکستانی وفد میں اسٹیٹ بینک ،ایس ای سی پی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز ، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی کے ڈائریکٹرز شامل ہیں ۔ ایشیا پیسیفک گروپ میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، ‏کالعدم تنظیموں اور ان سے وابستہ لوگوں کے خلاف کتنی ایف آئی آر ہوئیں ؟ ،دفعات کیا ہیں؟  ، کالعدم تنظیموں کے تحویل میں لیے گئے اثاثوں کی تفصیلات؟، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اقدامات پر مبنی رپورٹس سمیت 125 سوالوں کے جوابات پاکستان اجلاس میں پیش کرے گا۔ دوران اجلاس پاکستان نئی نیشنل رسک اسیسمنٹ ، بینکنگ سیکٹر، نان بینکنگ سیکٹر اور فنانشل سیکٹر کی سپروائزری صلاحیت میں اضافہ کیلئے اسٹیٹ بینک کے نئے اقدامات پر مشتمل رپورٹ اور مالیاتی اداروں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کی رپورٹ بھی پیش کرے گا۔ بچت اسکیموں میں غیر قانونی سرمایہ کی روک تھام سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی جائے گی ، مذاکرات کے بعد ایشیا پیسیفک گروپ حتمی سفارشات ایف اے ٹی ایف کو بھیجےگا جسکا  حتمی اجلاس اکتوبر کے آخر میں پیرس میں ہوگا۔