Wednesday, April 24, 2024

پاکستان اور ایران کی سلامتی ایک دوسرے سے منسلک ہے: ایرانی صدر حسن روحانی

پاکستان اور ایران کی سلامتی ایک دوسرے سے منسلک ہے: ایرانی صدر حسن روحانی
September 22, 2016
نیو یارک (92 نیوز) – وزیراعظم نوازشریف نے ایرانی صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کے فروغ کی بات کی۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم کو دورہ تہران کی دعوت دے دی۔ اقتصادی راہداری منصوبے میں شمولیت کی خواہش کا اظہار بھی کر دیا۔ وزیراعظم نوازشریف اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان نیویارک میں ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وزیراعظم نوازشریف نےایرانی صدرکو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سےآگاہ کیا اورمسلم امہ کے اتحاد اوریکجہتی کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ ایران سے عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد دوطرفہ تجارتی حجم دوگنا کرینگے۔ وزیراعظم نےکہا کہ اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے دونوں ممالک تکنیکی رکاوٹیں دورکریں۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اقتصادی راہداری کے منصوبے میں شریک ہونا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سلامتی ایک دوسرے  سے منسلک ہے اور ایران پاکستان کی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔