Friday, March 29, 2024

پاکستان اور امریکہ کا داعش کےخلاف مل کر کارروائی کرنے پر اتفاق !!! طارق فاطمی کی امریکی سینیٹرز سے ملاقاتیں

پاکستان اور امریکہ کا داعش کےخلاف مل کر کارروائی کرنے پر اتفاق !!! طارق فاطمی کی امریکی سینیٹرز سے ملاقاتیں
July 23, 2015
واشنگٹن (92نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکی سینیٹرز سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں داعش کیساتھ مل کر لڑنے کی کوششوں پر زور دیا گیا ہے۔ طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام تباہ کر دیا گیا ہے۔ معروف امریکی مقام کیپٹل ہل پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکی سینیٹرز ڈین فینسٹن اور رابرٹ کیسی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن میں پاک امریکہ تعلقات بالخصوص دفاع اور دہشت گردی کیخلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔ ملاقاتوں میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مثبت رجحان پایا جاتا ہے۔ طارق فاطمی نے امریکی سینیٹرز کو بتایا کہ فاٹا میں جاری فوجی آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں شامل ہو گیا ہے جس میں پاکستانی فورسز کو بے پناہ کامیابیاں ملی ہیں۔ اس آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور اب وہ پاکستان کے اندر اور باہر کسی بھی قسم کی کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے کے قابل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرتے ہوئے فاٹا کا کنٹرول سول انتظامیہ کے سپرد کیا جائے۔ انہوں نے آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کی بحالی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ امریکی سینیٹر فینسٹن نے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مل کر داعش کے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔ امیریکی سینیٹر کیسے نے کہا کہ پاکستان کی ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔