Friday, April 19, 2024

پاکستان اور امریکا کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، پینٹاگون

پاکستان اور امریکا کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، پینٹاگون
November 20, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر کے پاکستان پر الزامات میں ڈائریکٹر پریس آپریشنز راب میننگ نے کہا پاکستان اور امریکا کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ٹرمپ کی لفظی گولہ باری پر پاکستان کے منہ توڑ جواب پر امریکی انتظامیہ اپنی اوقات پر آگئی۔ پینٹا گون نے وضاحتیں دینا شروع کر دیں۔ ڈائریکٹر پریس آپریشنز پینٹا گون راب میننگ نے کہا پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ امریکی وزارت دفاع کے مطابق پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کلیدی کردارہے۔ پاکستان اور امریکی فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکی صدر نے پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے الزامات لگائے تو وزیراعظم عمران خان میدان میں آئے اور کھری کھری سنا ڈالیں  اور کہا ٹرمپ نے جھوٹ بول کر پاکستان کے زخموں پر نمک چھڑکا۔ وزیراعظم نےامریکی صدر کو پاکستان سےمتعلق ریکارڈ درست کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکا کی جنگ میں  بڑا نقصان اٹھایا ۔ اب وہی کریں گے جو ملک اور قوم کے مفاد میں ہو گا۔ امریکا انہیں قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے اپنا محاسبہ کرے۔ ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر وزیرخارجہ نے بھی کرارا جواب دیا ۔ شاہ محمودقریشی بولے مالی نقصان امریکا کی امداد سے کہیں زیادہ ہے ،حقائق کے منافی بیانات ناقابل فہم اور شرمناک ہیں۔ وزیرمملکت براے داخلہ شہر یارآفریدی  کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں ڈو مور نہیں چلے گا۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کہتی ہیں ثابت ہو گیا امریکا کی خوشامد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر نے الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پیسے لے کر بھی ان کے لیے کچھ نہیں کر رہا۔ ٹرمپ نے پاکستان پر اسامہ بن لادن کو پناہ دینے کا الزام بھی لگایا۔