Friday, April 26, 2024

پاکستان اور افغانستان کا امن دشمنوں کیخلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ، اعلامیہ

پاکستان اور افغانستان کا امن دشمنوں کیخلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ، اعلامیہ
November 19, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ افغانستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے امن دشمنوں کیخلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دورہ افغانستان کے اعلامیہ کے مطابق گزشتہ دو سالوں میں تعلقات کی مضبوطی کے لیے اقدامات پر وزیراعظم نے افغان صدر سے تفصیلی گفتگو کی ۔ دونوں رہنماؤں نے انفراسٹکچر اور توانائی کے منصوبوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا ۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کا نئے ریل روڈ منصوبوں اور پاک افغان دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن عمل میں افغانوں کے فیصلوں کا احترام کرے گا ۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ کچھ لوگ امن کی کوششوں کو خراب کر سکتے ہیں۔ "اسلامی جمہوریہ افغانستان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مابین مشترکہ نظریہ" کے عنوان سے ایک دستاویز بھی جاری کی گئی ۔ دستاویز جاری کرنے کا مقصد پاکستان اور افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے ۔ مشترکہ نقطہ نظر کا مقصد دونوں ممالک کے مابین سیاسی ، معاشی اور عوامی رابطوں کے لئے تعاون پر مبنی شراکت داری کو آگے بڑھانا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان افغانستان نے سلامتی اور امن سے متعلق امور کو آگے بڑھانے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے اعلی سطحی قیادت کے تبادلے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا یہ پہلا دورہ افغانستان تھا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔