Sunday, September 8, 2024

پاکستان اور افغانستان پولیو کا پھیلاو روکنے کےلئے مزید اقدامات کریں: عالمی ادارہ صحت

پاکستان اور افغانستان پولیو کا پھیلاو روکنے کےلئے مزید اقدامات کریں: عالمی ادارہ صحت
August 19, 2015
جنیوا (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے پھیلاو کو روکنے کےلئے اپنے اقدامات میں تیزی لائیں جن میں بیرون ملک سفر جانے والے افراد کی بہتر سکریننگ بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے بیرون ممالک پرواز کرنے والے مسافروں کی ویکسی نیشن کے اعداد و شمار موجود نہیں اور نہ ہی ملک سے بغیر ویکسی نیشن باہر جانے والوں پر کوئی روک ٹوک ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق افغانستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اس سلسلے میں کوئی ٹھوس نظام موجود نہیں۔ پاکستان اور افغانستان میں اب بھی پولیو کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان دنیا کے ان تین ممالک میں سے دو ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی پھیل رہا ہے۔ ماہرین کے خیال میں پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاو کی صورت میں کسی حد تک بہتری آئی ہے تاہم کہا گیا ہے کہ افغانستان کی طرح پاکستان میں بھی پولیو ویکسی نیشن کی سند نہ ہونے پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کو روکا جانا چاہیے چاہے وہ سڑک یا بحری راستوں کے ذریعے ملک سے باہر جائیں۔